دو برس میں بیرون ملک 799 پاکستانی ورکرز حادثات میں جاں بحق
وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو برس کے دوران 13 مختلف ممالک میں پیش آنے والے حادثات کے نتیجے میں 799 پاکستانی ورکرز جان کی بازی ہار گئے، جن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں سعودی عرب میں رپورٹ ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں 575 پاکستانی مزدور حادثات کا شکار ہوکر جاں بحق ہوئے، جبکہ متحدہ عرب امارات میں 104 پاکستانی ورکرز کی جان گئی۔ ملائیشیا میں 35 اور لیبیا میں 13 پاکستانی ورکرز مختلف حادثات میں جاں بحق ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق قطر میں 19، عمان میں 16 اور برطانیہ میں 10 پاکستانی ورکرز حادثات میں زندگی سے محروم ہوئے۔ بحرین میں 9، ترکیہ میں 6 جبکہ اسپین میں 3 پاکستانیوں کی ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔
وزارت داخلہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اٹلی اور جرمنی میں بھی دو، دو پاکستانی ورکرز حادثات کے دوران جاں بحق ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق پاکستانی شہریوں کے 3 ہزار 488 خاندانوں کو مجموعی طور پر ایک ارب 30 کروڑ روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی۔ اس کے علاوہ ریاض، ابوظہبی، دبئی، قطر، کویت اور بحرین میں پاکستانی شہریوں کی واجب الادا رقوم کی وصولی میں بھی مدد فراہم کی گئی۔
پاکستانی سفارتی مشنز کے ذریعے مزید 294 متاثرہ خاندانوں کو 75 کروڑ 32 لاکھ 90 ہزار روپے کی ادائیگیاں بھی کی گئیں۔