مریم نواز شریف کا نوجوان طلبہ کو ایک لاکھ ای بائیکس دینے کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے طلبہ کے لیے آسان شرائط اور بلاسود اقساط پر ای بائیکس فراہم کرنے کی اسکیم دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت آئندہ ایک سال کے دوران ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس طلبہ کو فراہم کی جائیں گی۔
حکومت پنجاب کے مطابق ہر ای بائیک پر 70 ہزار روپے تک سبسڈی دی جائے گی۔ اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے طلبہ کو 14 ہزار روپے بطور ڈاؤن پیمنٹ جمع کروانا ہوں گے، جبکہ باقی رقم بلاسود ماہانہ اقساط کی صورت میں ادا کی جائے گی۔ ماہانہ قسط تقریباً 2,100 روپے مقرر کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے خصوصی طور پر طالبات کے لیے مزید سہولتوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ای بائیکس کی ڈاؤن پیمنٹ اور رجسٹریشن فیس حکومت خود ادا کرے گی۔ طالبات کو بھی صرف 2,100 روپے ماہانہ بلاسود قسط ادا کرنا ہوگی۔
اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کو بھی آسان اقساط پر ای بائیکس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ماحول دوست سفری سہولتوں کو فروغ دیا جا سکے۔
مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ الیکٹرک بسوں، ای ٹیکسیوں، ای بائیکس اور الیکٹرک تھری وہیلرز کے منصوبوں کو مزید وسعت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ سال کے دوران پنجاب بھر میں پانچ ہزار الیکٹرک بسیں چلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ عوام کو جدید، کم خرچ اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔