ایلون مسک کا اپنی 55ویں سالگرہ پر بڑا اعلان ، گروک 4.5 بیٹا ٹیسٹنگ میں داخل

دنیا کے معروف ٹیکنالوجی کاروباری شخصیت ایلون مسک نے اپنی 55ویں سالگرہ کے موقع پر مصنوعی ذہانت کے نئے ماڈل “گروک 4.5” کے حوالے سے اہم پیش رفت کا اعلان کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ ماڈل اب اندرونی بیٹا ٹیسٹنگ کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔

ایلون مسک نے بتایا کہ گروک 4.5 کو ابتدائی طور پر اسپیس ایکس اور ٹیسلا کی اندرونی ٹیموں کے لیے آزمائشی بنیادوں پر دستیاب کیا گیا ہے تاکہ اس کی کارکردگی کا مختلف عملی ماحول میں جائزہ لیا جا سکے۔

ان کے مطابق یہ نیا اے آئی ماڈل تقریباً 1.5 ٹریلین پیرامیٹرز پر مشتمل جدید فاؤنڈیشن ماڈل پر تیار کیا گیا ہے، جسے اضافی تربیتی عمل اور نئے ڈیٹا کی مدد سے مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔

ایلون مسک کا کہنا ہے کہ ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ گروک 4.5 جدید ترین مصنوعی ذہانت کے بعض نمایاں ماڈلز کے برابر یا بعض پہلوؤں میں ان سے بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ری انفورسمنٹ لرننگ اور مسلسل تربیتی عمل کے ذریعے ماڈل کی صلاحیتوں میں روزانہ کی بنیاد پر بہتری لائی جا رہی ہے، جس سے اس کی کارکردگی اور درستگی میں اضافہ متوقع ہے۔

ایلون مسک نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اسپیس ایکس اور اس سے وابستہ تحقیقاتی ٹیمیں رواں سال ہر ماہ ایک نیا اے آئی ماڈل متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہیں، تاکہ مصنوعی ذہانت کے میدان میں جدت اور ترقی کا سلسلہ تیزی سے جاری رکھا جا سکے۔