ملک کے مختلف تعلیمی بورڈز نے میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج سے قبل پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کے ناموں کا اعلان کر دیا، جبکہ مکمل نتائج مقررہ وقت پر جاری کیے جائیں گے۔

لاہور بورڈ

لاہور بورڈ میں مجموعی پہلی پوزیشن پتوکی کی طالبہ آمنہ محبوب نے 1192 نمبر حاصل کرکے اپنے نام کی۔ دوسری پوزیشن راجن پور کے محمد قاسم نے 1191 نمبروں کے ساتھ حاصل کی، جبکہ لاہور کی ازویٰ جاوید 1190 نمبروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔

سائنس گروپ (طلبہ) میں محمد قاسم نے 1191 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، اونکار سنگھ دوسرے جبکہ محمد ایان 1188 نمبروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

فیصل آباد بورڈ

فیصل آباد بورڈ میں عمنہ صلاح الدین نے 1191 نمبروں کے ساتھ مجموعی پہلی پوزیشن حاصل کی۔ رامین فاطمہ 1190 نمبروں کے ساتھ دوسرے اور رؤف عبدالاحد تیسرے نمبر پر رہے۔ بورڈ کے مطابق تمام امیدواروں کے تفصیلی نتائج کل صبح 10 بجے جاری کیے جائیں گے۔

سوات بورڈ

سوات تعلیمی بورڈ نے بھی میٹرک امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ سہانہ احمد نے 1161 نمبروں کے ساتھ پہلی، روشنی نے 1158 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ زلندہ سردار نے 1156 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

آرٹس گروپ میں شانگلہ کی نجی طالبات نے پہلی تینوں پوزیشنیں اپنے نام کیں۔ بورڈ کے مطابق سوات، بونیر اور شانگلہ سے مجموعی طور پر 46 ہزار 484 طلبہ و طالبات نے امتحان میں حصہ لیا۔ سائنس گروپ میں کامیابی کا تناسب تقریباً 80 فیصد جبکہ آرٹس گروپ میں 52 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

ساہیوال بورڈ

ساہیوال بورڈ کے مطابق 84 ہزار 159 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے، جن میں سے 54 ہزار 788 کامیاب قرار پائے۔ اس طرح کامیابی کی مجموعی شرح 65.10 فیصد رہی۔

مجموعی پہلی پوزیشن عبداللہ ناصر اور منصف بشیر نے مشترکہ طور پر 1191 نمبروں کے ساتھ حاصل کی۔ رابیتا رمضان 1190 نمبروں کے ساتھ دوسرے جبکہ محمد منیب اور آمنہ عامر 1188 نمبروں کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر رہے۔

راولپنڈی بورڈ

راولپنڈی بورڈ نے بھی میٹرک امتحانات کے پوزیشن ہولڈرز کے نام جاری کر دیے ہیں۔ محمد منان احتشام نے 1191 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ زونیرہ طاہر 1180 نمبروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔ تیسری پوزیشن محمد فصیح عبداللہ نے 1178 نمبروں کے ساتھ اپنے نام کی۔

بورڈ حکام کے مطابق نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں انعامی تقریب کل منعقد کی جائے گی۔