سینٹرل بینک آف انڈیا نے قرض کی وصولی کے لیےبالی وڈ کے معروف اداکار راجپال یادیوکی آبائی جائیداد پر ضبطی کا نوٹس جاری کر دیا
بالی وڈ کے معروف اداکار راجپال یادیو کو اپنی پروڈکشن کمپنی سے متعلق قرض کی عدم ادائیگی کے باعث ایک مرتبہ پھر مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سینٹرل بینک آف انڈیا نے قرض کی وصولی کے لیے ان کی آبائی جائیداد پر ضبطی کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بینک نے نوٹس میں واضح کیا ہے کہ اگر آئندہ 34 دن کے اندر واجب الادا رقم ادا نہ کی گئی تو 9 ستمبر کو گروی رکھی گئی جائیدادوں کی آن لائن نیلامی کر دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راجپال یادیو پر قرض اور دیگر واجبات کی مجموعی رقم بڑھ کر تقریباً 16 کروڑ 61 لاکھ بھارتی روپے تک پہنچ چکی ہے۔ وصولی کی کارروائی میں ضلع شاہ جہاں پور کے گاؤں کندرا میں واقع ان کی آبائی رہائش گاہ کے علاوہ ایک اور جائیداد بھی شامل ہے۔
رپورٹس کے مطابق ان دونوں جائیدادوں کی مجموعی تخمینی مالیت تقریباً 3 کروڑ 19 لاکھ بھارتی روپے ہے، تاہم بینک بقایا قرض کی مکمل رقم کی وصولی کے لیے قانونی کارروائی آگے بڑھا رہا ہے۔