آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری جہازوں کی محفوظ نقل و حرکت بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں،جے ڈی وینس

جے ڈی وینس کے مطابق مجوزہ انتظامات میں ایران کی جانب سے تجارتی جہازوں کو نشانہ نہ بنانے کی یقین دہانی بھی شامل ہے، لیکن امریکا ایرانی حکام کی جانب سے دی گئی اس یقین دہانی پر مکمل بھروسا نہیں کرتا۔

امریکی نائب صدر نے بتایا کہ ایران نے آبنائے ہرمز کے ذریعے زیادہ سے زیادہ تیل کی ترسیل جاری رکھنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ تاہم ایرانی حکومت کے بعض حلقوں کی جانب سے آبنائے سے گزرنے والے بحری جہازوں سے ٹول وصول کرنے کی تجاویز بھی سامنے آئی ہیں۔

ان کے مطابق ایرانی حکام نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر کوئی ٹول عائد نہیں کیا جائے گا۔

جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ ایران نے خلیج میں حالیہ کشیدگی سے قبل جتنی مقدار میں تیل اور گیس کی ترسیل جاری تھی، اسے برقرار رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔ توقع ہے کہ توانائی کی ترسیل سابقہ سطح کے قریب برقرار رہے گی۔

امریکی نائب صدر کے مطابق آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو محفوظ بنانے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی، تاہم واشنگٹن ایران پر اپنا دباؤ کم نہیں کرے گا۔