رواں سال کا دوسرا سورج گرہن، یورپ کے کئی علاقوں میں نظارہ ممکن

رواں سال کا دوسرا سورج گرہن آج رونما ہوگا، جسے یورپ کے مختلف خطوں کے علاوہ گرین لینڈ، آئس لینڈ، شمالی اسپین اور پرتگال میں دیکھا جا سکے گا، جبکہ برطانیہ اور آئرلینڈ میں یہ مظہر جزوی طور پر نظر آئے گا۔

ماہرین کے مطابق سورج گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین اور سورج کے درمیان آ جاتا ہے، جس کے نتیجے میں سورج کی روشنی کچھ عرصے کے لیے زمین کے بعض حصوں تک مکمل یا جزوی طور پر نہیں پہنچ پاتی۔

مکمل سورج گرہن کے راستے میں آنے والے علاقوں میں دن کے اوقات میں سورج مکمل طور پر چاند کے پیچھے چھپ جائے گا، جس سے مختصر وقت کے لیے غیر معمولی تاریکی کا منظر پیدا ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق یورپی وقت کے مطابق مکمل گرہن کا آغاز رات 8 بج کر 27 منٹ پر ہوگا، جبکہ گرین وچ مین ٹائم (GMT) کے مطابق یہ عمل شام 6 بج کر 27 منٹ پر شروع ہوگا۔ یورپ کے بعض علاقوں میں 1999 کے بعد پہلی بار مکمل سورج گرہن دیکھنے کا موقع ملے گا۔