پاکستان ریلوے کا شالیمار ایکسپریس کو 14 اگست سے بحال کرنے کا فیصلہ
پاکستان ریلوے نے شالیمار ایکسپریس سروس دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت ٹرین 14 اگست سے لاہور سے کراچی کے درمیان چلائی جائے گی۔
ریلوے حکام کے مطابق شالیمار ایکسپریس اب ساہیوال کے راستے کراچی جائے گی، جبکہ مسافروں کی سہولت کے لیے روٹ میں پانچ نئے اسٹاپ شامل کیے گئے ہیں۔ ان اسٹیشنز میں کوٹ لکھپت، رائے ونڈ، اوکاڑہ، ساہیوال اور صادق آباد شامل ہیں۔
حکام کے مطابق قلعہ ستار شاہ اور مسن کالر ریلوے پل سیلابی پانی سے متاثر ہونے کے باعث ٹرین سروس معطل کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں شالیمار ایکسپریس کا معمول کا روٹ بھی تبدیل کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ شالیمار ایکسپریس پہلے فیصل آباد کے راستے لاہور سے کراچی تک سفر کرتی تھی، تاہم یہ سروس گزشتہ دو ہفتوں سے عارضی طور پر بند تھی۔