نمرہ خان کی ازدواجی زندگی سے متعلق افواہوں پر ساتھی فنکاراؤں نے اداکارہ کی حمایت کردی
اداکارہ نمرہ خان کی نجی زندگی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی قیاس آرائیوں کے درمیان شوبز سے وابستہ بعض شخصیات ان کے حق میں سامنے آگئی ہیں۔
اداکارہ منشا پاشا نے نمرہ خان کے شوہر زین حامد کی جانب سے شیئر کی گئی ایک مبہم سوشل میڈیا پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ان کے طرزِ عمل پر تنقید کی۔ منشا پاشا کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے رویے ایک پیچیدہ مسئلہ بن جاتے ہیں اور انہوں نے زین حامد کے انداز پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔
منشا پاشا کے بیان کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر مزید زیرِ بحث آگیا۔ اس سے قبل مارننگ شو میزبان ندا یاسر بھی نمرہ خان کی حمایت میں اپنی رائے کا اظہار کر چکی ہیں۔
اداکارہ مومل خالد نے بھی نمرہ خان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جس صورتحال سے گزر رہی ہیں، اس پر انہیں افسوس ہے۔ انہوں نے اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کسی حتمی رائے قائم کرنے سے پہلے ہمدردی اور سمجھ داری کا مظاہرہ کریں۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر نمرہ خان کی دوسری شادی ختم ہونے سے متعلق افواہیں کئی روز سے گردش کر رہی ہیں۔ قیاس آرائیوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب نمرہ خان کی شادی سے متعلق ایک پوسٹ ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے غائب ہوگئی۔
بعد ازاں ایک صارف کے سوال کے جواب میں نمرہ خان نے وضاحت کی کہ انہوں نے پوسٹ اس لیے نیچے کی تھی تاکہ اسے نظر نہ لگے۔ تاہم اس کے بعد اداکارہ کی جانب سے سامنے آنے والی بعض مبہم سوشل میڈیا پوسٹس کے باعث طلاق سے متعلق قیاس آرائیاں دوبارہ شدت اختیار کر گئیں۔
دوسری جانب نمرہ خان کے شوہر زین حامد کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر “At Peace Finally, Good Riddance” کے الفاظ پر مشتمل ایک پوسٹ شیئر کی گئی، جس کے بعد معاملہ مزید توجہ کا مرکز بن گیا۔
تاہم اب تک نمرہ خان یا زین حامد کی جانب سے طلاق یا علیحدگی کے حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی، اس لیے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات کو حتمی خبر قرار نہیں دیا جا سکتا۔