مریدکے میں پانچ سالہ بچی سے مبینہ زیادتی، پولیس نے ملزم گرفتار کرلیا
مریدکے کے علاقے ظفر پارک میں ایک پانچ سالہ بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کا واقعہ رپورٹ ہوا ہے، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے نامزد شخص کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق بچی گھر کے باہر کھیل رہی تھی کہ اسی دوران ایک پڑوسی نے اسے ٹافیاں دینے کا کہہ کر اپنے قریب بلایا اور مبینہ طور پر گھر کی چھت پر لے گیا۔
ایف آئی آر میں درج تفصیلات کے مطابق بچی نے شور مچانے کی کوشش کی تو مبینہ طور پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ شور کی آواز سنائی دینے پر ملزم مبینہ طور پر وہاں سے فرار ہوگیا۔
واقعے کے بعد بچی روتی ہوئی گھر پہنچی اور اپنی والدہ کو پیش آنے والی صورتحال سے آگاہ کیا، جس پر اہلخانہ نے پولیس سے رابطہ کیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور نامزد ملزم کو گرفتار کرلیا۔ حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ شواہد کی بنیاد پر قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔