محسن نقوی کی 14 اگست کی تقریب کے حوالے سے وضاحت جو صورتحال پیش آئی وہ مناسب نہیں تھی، تاہم اس معاملے میں آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر کو ذمہ دار قرار نہیں دیا جا سکتا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں 14 اگست کی تقریب میں تاخیر اور انتظامات سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو صورتحال پیش آئی وہ مناسب نہیں تھی، تاہم اس معاملے میں آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر کو ذمہ دار قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ان کے مطابق صدرِ مملکت اور وزیراعظم کی ملاقات کے باعث مہمانِ خصوصی سمیت ان کی اپنی آمد میں بھی تاخیر ہوئی۔

محسن نقوی نے بتایا کہ تقریب میں شرکت کے لیے شہری شام 5 بجے سے انتظار کر رہے تھے۔ عوام کو مزید انتظار سے بچانے کے لیے تقریباً 6 بجے افسران کو پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔

وزیر داخلہ کے مطابق مہمانِ خصوصی کی آمد کے لیے بگھی کا انتظام کیا گیا تھا، تاہم بعض ناگزیر حالات کے باعث افسران کو اسے استعمال کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی اور چیف کمشنر ان کی اور مہمانِ خصوصی کی موجودگی کے بغیر تقریب شروع نہیں کرنا چاہتے تھے، لیکن پروگرام کو آگے بڑھانے کا فیصلہ ان کی ہدایت پر کیا گیا۔

محسن نقوی نے 14 اگست کی تقریب کو بھرپور قومی جشن میں تبدیل کرنے اور بڑی تعداد میں شرکت کرنے پر اسلام آباد کے شہریوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔