آن لائن فراڈ کیس: 284 غیر ملکیوں کی پاکستان سے بے دخلی کا فیصلہ

پاکستانی حکام نے آن لائن فراڈ میں مبینہ طور پر ملوث 284 غیر ملکی شہریوں کو ملک سے واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارتِ داخلہ نے گرفتار افراد کے ویزے منسوخ کرتے ہوئے انہیں ملک چھوڑنے کے لیے 15 روزہ ون ٹائم ایگزٹ پرمٹ جاری کر دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد کو اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے حراست میں لیا گیا تھا۔ گرفتار غیر ملکیوں میں زیادہ تعداد ویتنام، انڈونیشیا اور چین کے شہریوں کی بتائی جاتی ہے، جن میں سے بیشتر سیاحتی یا وزٹ ویزوں کے ذریعے پاکستان پہنچے تھے۔

حکام کے فیصلے کے تحت تمام 284 افراد کو 15 دن کے اندر پاکستان چھوڑنا ہوگا۔ ملک سے روانگی کے بعد ان کے نام بلیک لسٹ اور فارنرز کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بدر کیے جانے والے افراد کے لیے مستقبل میں پاکستان کا ویزا حاصل کرنے کی راہ بھی بند کردی جائے گی۔