قطر کی ایرانی پائلٹس کو حراست میں لینے کی تردید

قطر نے ایران کی جانب سے ایرانی پائلٹس کو حراست میں رکھے جانے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطری حکام نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کے معاملے پر ایران سے رابطہ کیا تھا۔

قطری وزارتِ خارجہ کے مطابق ایرانی طیاروں کے پائلٹس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم جواب موصول نہ ہونے پر قطر نے اپنی فضائی حدود کے تحفظ کے لیے دفاعی اقدامات کیے۔

وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ قطر نے ایرانی حکام کو تلاش اور امدادی کارروائی کے لیے ٹیم بھیجنے کی پیشکش کی تھی، لیکن ایران کی جانب سے اس دعوت کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

قطری ریسکیو ٹیموں کو کارروائی کے دوران ایک ایرانی پائلٹ کی باقیات ملیں، جس کے بعد لاش کی باقیات ایران کے حوالے کرنے کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا گیا۔

قطری حکام کے مطابق ایرانی پائلٹس کے معاملے پر سفارتی سطح پر رابطے اور کوششیں تاحال جاری ہیں۔

واضح رہے کہ ایران کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ قطر نے تین ایرانی پائلٹس کو حراست میں لے رکھا ہے، تاہم قطر نے اس دعوے کی واضح طور پر تردید کردی ہے۔