خاران میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ردالفتنہ 3 کے تحت خاران کے علاقے لجے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 7 افراد کو ہلاک کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد دہشت گردوں کے زیرِ استعمال ٹھکانوں سے جدید اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی 2 گاڑیاں اور ایک موٹر سائیکل بھی قبضے میں لے لی گئی، جبکہ ان کے متعدد ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔
حکام کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے اور ممکنہ خطرات کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔