یومِ آزادی پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا سابق فوجیوں کے اعزاز میں استقبالیہ
یومِ آزادی کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک فوج کے سابق افسران اور جوانوں کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا، جس میں بڑی تعداد میں ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملک کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے سابق فوجیوں کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے قومی استحکام کے لیے سابق فوجی اہلکاروں کی کاوشوں اور کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ سابق فوجیوں کا تجربہ، رہنمائی اور پاک فوج کے ساتھ ان کا مسلسل تعلق ادارے کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے سیکیورٹی حالات اور نئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں سابق فوجیوں کی رہنمائی اور تجربے سے فائدہ اٹھانا اہم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق استقبالیہ میں شریک سابق فوجیوں نے پاک فوج کی موجودہ قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور سیکیورٹی کے نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلح افواج کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سابق فوجیوں نے قومی یکجہتی، امن، استحکام اور ملک کی خوشحالی کے لیے اپنا کردار آئندہ بھی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔