صدرِ مملکت کا 355 شخصیات کے لیے سول ایوارڈز کا اعلان
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ملک کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات اور غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کے لیے پاکستان سول ایوارڈز دینے کی منظوری دے دی ہے۔
اعلان کے مطابق مختلف شعبہ ہائے زندگی میں قابلِ ذکر خدمات انجام دینے والے مجموعی طور پر 355 افراد کو سول اعزازات سے نوازا جائے گا۔
اعزازات حاصل کرنے والی نمایاں شخصیات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار شامل ہیں، جنہیں نشانِ امتیاز دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر احد چیمہ کو بھی نشانِ امتیاز دینے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی بھی اس اعزاز کے حق دار قرار پائے ہیں۔
شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات میں گلوکارہ ترنم ناز اور اداکارہ نشو بیگم کو ستارۂ امتیاز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اداکار افتخار ٹھاکر کو بھی ستارۂ امتیاز سے نوازا جائے گا۔
اسی طرح اداکارہ غزالہ کیفی کے لیے تمغۂ حسنِ کارکردگی کی منظوری دی گئی ہے۔
اعلان کے مطابق سول ایوارڈز مختلف شعبوں میں نمایاں قومی خدمات اور قابلِ ذکر کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے دیے جائیں گے۔