نمرہ خان اور زین حامد کی علیحدگی کی تصدیق
پاکستانی اداکارہ نمرہ خان اور زین حامد کے درمیان ازدواجی تعلق ختم ہونے کی تصدیق سامنے آگئی ہے۔ زین حامد نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا ہے کہ انہوں نے اداکارہ کو طلاق دے دی ہے۔
نمرہ خان نے مئی 2026 میں برطانیہ میں مقیم پائلٹ زین حامد سے شادی کی تھی۔ شادی کے بعد اداکارہ نے اپنی نئی زندگی کے آغاز پر خوشی کا اظہار کیا تھا، تاہم کچھ عرصے بعد دونوں کی جانب سے سامنے آنے والی سوشل میڈیا سرگرمیوں کے باعث ان کے درمیان اختلافات اور علیحدگی کی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔
اس دوران نمرہ خان نے ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی ازدواجی زندگی میں سب کچھ ٹھیک ہے۔ اداکارہ نے اپنی شادی سے متعلق تصاویر بھی سوشل میڈیا سے ہٹا دی تھیں اور اس کی وجہ نظرِ بد سے بچاؤ بتائی تھی۔
اب زین حامد نے انسٹاگرام پر ایک بیان کے ذریعے علیحدگی کی تصدیق کی ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے 17 جولائی کو نمرہ خان کو طلاق دی، جس کی بنیادی وجہ ذاتی اختلافات اور دونوں کی مختلف ترجیحات تھیں۔
زین حامد نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ وہ اس معاملے میں کسی فریق پر الزام عائد نہیں کرنا چاہتے۔ ان کا کہنا ہے کہ طلاق سے متعلق قانونی کارروائی شروع ہوچکی ہے اور معاملہ وکلا کے ذریعے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔