مریم نواز سے اٹک کے ارکان اسمبلی کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں اور الیکٹروبس سروس پر گفتگو

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ضلع اٹک سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس کے دوران علاقے میں عوامی سہولیات، ترقیاتی منصوبوں اور حکومت کے مختلف جاری پروگرامز سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات میں ارکان اسمبلی نے آزاد جموں و کشمیر میں کامیابی پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی اور ضلع اٹک میں الیکٹروبس سروس شروع کرنے کے اقدام کو سراہا۔

ارکان اسمبلی نے بتایا کہ پی او ایف سنجوال سے حضرو جبکہ گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ڈھوک فتح سے اٹک خورد تک الیکٹروبس سروس فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو عوام کی جانب سے اس سہولت پر ملنے والے مثبت ردعمل سے بھی آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین، طلبہ اور بزرگ شہریوں کے لیے مفت سفری سہولت ایک قابلِ تحسین اقدام ہے۔ ارکان اسمبلی نے مثالی گاؤں پراجیکٹ کے تحت دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی بہتری کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کے مطابق پنجاب میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبے دیگر صوبوں کے لیے بھی ایک مثال بن رہے ہیں۔

ملاقات کے دوران مریم نواز نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے بعد حکومت کی توجہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی پر بھی مرکوز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے تمام شہروں میں پینے کے صاف پانی کی دستیابی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں پاکستان نے ایٹمی طاقت بننے سمیت موٹرویز کے وسیع نیٹ ورک جیسے اہم منصوبے مکمل کیے۔ ان کے مطابق پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صوبے کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب، سیوریج نظام اور سڑکوں سے متعلق بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔