سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ طبی معائنے کے لیے متحدہ عرب امارات روانہ

سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ علاج اور طبی معائنے کے سلسلے میں بیرونِ ملک روانہ ہوگئے ہیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق انہوں نے متحدہ عرب امارات میں ڈاکٹروں سے طبی معائنہ کرایا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ تقریباً تین ہفتے سی ایم ایچ میں زیرِ علاج رہے۔ انہیں کچھ عرصہ قبل سر اور کمر پر چوٹیں آئی تھیں، جس کے بعد ان کا علاج جاری تھا۔

نجی ٹی وی کے مطابق قمر جاوید باجوہ نے دبئی میں ڈاکٹروں سے تفصیلی چیک اپ کرایا۔ ذرائع کے مطابق ان کی موجودہ طبیعت بہتر ہے، تاہم بعض طبی ٹیسٹوں کی رپورٹس آنا ابھی باقی ہیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق ٹیسٹ رپورٹس اور ڈاکٹروں کی ہدایات سامنے آنے کے بعد سابق آرمی چیف کی پاکستان واپسی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ اس دوران وہ متحدہ عرب امارات میں اپنے بیٹے کے پاس چند روز قیام کریں گے۔

ذرائع کے مطابق جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ تقریباً ساڑھے چار ماہ قبل گھر میں وضو کرتے ہوئے گر گئے تھے، جس کے نتیجے میں انہیں چوٹیں آئیں۔

واضح رہے کہ رواں سال فروری میں پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھی سابق آرمی چیف کے زیرِ علاج ہونے کی تصدیق کی تھی۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا تھا کہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو رہائش گاہ پر گرنے کے باعث چوٹ لگی اور انہیں سی ایم ایچ منتقل کیا گیا۔

اس واقعے کے بعد مختلف ملکی و غیر ملکی میڈیا اداروں نے بھی خاندانی ذرائع کے حوالے سے سابق آرمی چیف کے گھر میں گر کر زخمی ہونے کی رپورٹس نشر کی تھیں۔