انسٹاگرام نے تقریباً 10 سال بعد لوگو میں تبدیلی کردی

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام نے تقریباً ایک دہائی کے بعد اپنے لوگو اور بصری انداز میں تبدیلی متعارف کرادی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس اپ ڈیٹ کا مقصد پلیٹ فارم کی شناخت کو زیادہ جدید، واضح اور نمایاں بنانا ہے۔

انسٹاگرام کی پیرنٹ کمپنی میٹا کے مطابق نئے لوگو میں جدید ڈیزائن کے عناصر شامل کیے گئے ہیں، تاہم پرانے لوگو کی بنیادی جھلک اور روایتی شناخت کو برقرار رکھا گیا ہے۔

انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے بتایا کہ ایپ کے اوپری حصے میں استعمال ہونے والے ورڈ مارک میں گزشتہ تقریباً 10 برس کے دوران کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔ اسی لیے اسے موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق نیا انداز دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

ان کے مطابق نئے ڈیزائن کو زیادہ سادہ، صاف اور جدید رکھا گیا ہے، جبکہ لوگو میں انسٹاگرام کی روایتی بصری شناخت کو بھی برقرار رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔