فلپائن میں مچھیرے کے چہرے سے آکٹوپس چمٹ گیا

فلپائن میں مچھلی پکڑنے کے دوران ایک مچھیرے کے ساتھ غیر معمولی واقعہ پیش آیا، جب پکڑے گئے آکٹوپس نے اچانک اس کے چہرے کو جکڑ لیا۔ واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کرنے لگی۔

یہ واقعہ فلپائن کے شہر پورٹو پرنسسا، پالوان میں پیش آیا۔ مچھیرے نے سمندر سے آکٹوپس پکڑا، لیکن چند لمحوں بعد اس نے اپنی ٹانگوں کے ذریعے مچھیرے کے چہرے کو مضبوطی سے پکڑ لیا۔

ویڈیو میں مچھیرے کو آکٹوپس خود سے الگ کرنے کی کوشش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ہاتھ سے اسے ہٹانے میں ناکامی کے بعد اس نے ایک ڈنڈے کی مدد لینے کی کوشش کی۔

کئی منٹ کی جدوجہد کے بعد بالآخر مچھیرا آکٹوپس کو چہرے سے الگ کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ بعد ازاں اس نے آکٹوپس کو نقصان پہنچائے بغیر دوبارہ سمندر میں چھوڑ دیا۔