قومی اسمبلی کا اجلاس پیر شام 5 بجے طلب، اقبال چنڑ کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس ہوگا
قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کو شام 5 بجے طلب کرلیا گیا ہے، جس میں رکن قومی اسمبلی اقبال چنڑ کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس اور فاتحہ خوانی کے بعد اجلاس ملتوی کردیا جائے گا۔
نئے مالی سال کے بجٹ کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی کا یہ پہلا اجلاس ہوگا۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر سردار ایاز صادق کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران مرحوم رکن قومی اسمبلی اقبال چنڑ کے لیے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی جائے گی۔ پارلیمانی روایات کے تحت تعزیتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اجلاس کو ملتوی کردیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل کو قومی اسمبلی کا اجلاس معمول کے ایجنڈے اور پارلیمانی کارروائی کے مطابق جاری رہے گا۔
دوسری جانب اجلاس کے شیڈول اور ایجنڈے کو حتمی شکل دینے کے لیے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے، جو پیر کو شام 4 بجے اسپیکر ایاز صادق کے چیمبر میں ہوگا۔