مہاراشٹر میں شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور ٹائیگر شروف کو نوٹس جاری

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن  نے بالی ووڈ اداکاروں شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور ٹائیگر شروف کو ایک الائچی کی تشہیری مہم میں بطور برانڈ ایمبیسیڈر شامل ہونے پر نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی ہے۔

ایف ڈی اے کے مطابق متعلقہ اشتہار بظاہر الائچی کی تشہیر دکھائی دیتا ہے، تاہم ادارے کا مؤقف ہے کہ اس کے ذریعے بالواسطہ طور پر مہاراشٹر میں ممنوع پان مسالہ کی تشہیر کی جارہی ہے۔ حکام نے تینوں اداکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 15 دن کے اندر تحریری جواب جمع کرائیں۔

ادارے نے اداکاروں سے یہ بھی کہا ہے کہ مذکورہ تشہیری مہم میں اپنی شرکت فوری طور پر روکیں اور اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے اس مہم سے متعلق پوسٹس یا دیگر مواد ہٹا دیں۔

ایف ڈی اے نے خبردار کیا ہے کہ اگر مقررہ مدت کے اندر موصول ہونے والا جواب تسلی بخش نہ ہوا تو متعلقہ قوانین کے تحت اداکاروں کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔