ایرانی صدر کا امریکا سے امن مفاہمتی یادداشت کو قومی وقار کی کامیابی قرار دینے کا بیان

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کے ساتھ طے پانے والی امن مفاہمتی یادداشت کو ایران کی طاقت، خودمختاری اور قومی وقار کے تحفظ کے ساتھ حاصل ہونے والی پیش رفت قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت کسی دباؤ کے سامنے جھکنے یا دشمن کے آگے ہتھیار ڈالنے کی علامت نہیں، بلکہ اسے ماہرین کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد تیار کیا گیا ہے۔

ایرانی صدر کے مطابق معاہدے کے ذریعے ملکی عزت، خودمختاری اور قومی مفادات کو محفوظ رکھنے کی کوشش کی گئی ہے اور ایران نے اپنی بنیادی ترجیحات پر سمجھوتہ نہیں کیا۔

دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے بھی امن مفاہمتی یادداشت کو ایران کی کامیابی اور قومی طاقت کا مظہر قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت سفارتی محاذ پر ایران کی پوزیشن کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔