بنگلادیشی وزیراعظم کا شیخ حسینہ کی حوالگی تک بھارت کا دورہ نہ کرنے کا مؤقف
بنگلادیشی حکومت نے واضح کیا ہے کہ وزیراعظم طارق رحمان شیخ حسینہ کی حوالگی کے معاملے میں پیش رفت ہونے تک بھارت کا دورہ نہیں کریں گے۔
بنگلادیشی وزارت خارجہ کے ترجمان اے کے ایم شاہد کریم کے مطابق وزیراعظم کے ممکنہ دورہ بھارت سے قبل نئی دہلی کو مناسب ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو شیخ حسینہ سمیت ان افراد کی حوالگی کے عمل کو آگے بڑھانا چاہیے جنہیں بنگلادیش میں قانونی کارروائی کا سامنا ہے اور جو ملک سے باہر موجود ہیں۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم طارق رحمان نے عہدہ سنبھالنے کے بعد بھارت کے بجائے ملائیشیا اور چین کے دورے کیے ہیں۔
بنگلادیشی حکام کے مطابق ایک عدالت نے شیخ حسینہ کو انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں مجرم قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنائی ہے، جبکہ ڈھاکا کی جانب سے ان کی بھارت سے حوالگی کا مطالبہ مسلسل کیا جا رہا ہے۔
بعض ماہرین کا مؤقف ہے کہ علاقائی معاملات میں مداخلت اور مبینہ طور پر مطلوب افراد کو پناہ دینے کی پالیسی خطے کے استحکام کے لیے مسائل پیدا کرسکتی ہے اور اس کے قانونی و اخلاقی پہلو بھی زیرِ بحث ہیں۔