پنجاب میں پرائمری تعلیم کے لیے ایکٹیویٹی بیسڈ کتابیں متعارف کرانے کا فیصلہ
پنجاب میں پرائمری سطح کے تدریسی نظام کو جدید بنانے کے لیے پانچویں جماعت تک طلبہ کے لیے سرگرمیوں پر مبنی نئی کتابیں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پیکٹا حکام نے بتایا ہے کہ نئی کتابیں 2027 کے نئے تعلیمی سیشن سے نصاب کا حصہ بنیں گی، جبکہ نئے کریکولم کے مطابق ان کی تیاری کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق پنجاب میں پہلی مرتبہ پرائمری جماعتوں کے لیے اس نوعیت کا ایکٹیویٹی بیسڈ تعلیمی نظام متعارف کرایا جارہا ہے۔ اس طریقہ تدریس میں روایتی لیکچر اور یاد کرنے کے بجائے طلبہ کو مختلف سرگرمیوں کے ذریعے سبق سمجھانے پر توجہ دی جائے گی۔
پیکٹا حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد بچوں کو رٹہ لگانے کے طریقہ کار سے دور کرکے عملی، تخلیقی اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔
نئی کتابوں کے ذریعے طلبہ کو کلاس روم میں مختلف عملی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے گا، جس سے انہیں نصابی موضوعات کو بہتر انداز میں سمجھنے اور انہیں روزمرہ زندگی کے تجربات سے جوڑنے میں مدد ملے گی۔
حکام کے مطابق نئے کریکولم کے تحت کتابوں کی تیاری جاری ہے اور پنجاب کے پرائمری اسکولوں میں اس نئے تدریسی طریقہ کار کا باقاعدہ نفاذ 2027 کے تعلیمی سال سے شروع کردیا جائے گا۔