اسلام آباد موٹروے پر شدید بارش کے دوران متعدد گاڑیاں ٹکرا گئیں، ایک جاں بحق

اسلام آباد موٹروے پر متعدد گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 27 افراد زخمی ہوگئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ ایم ٹو موٹروے پر ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب پیش آیا، جہاں کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔

ریسکیو حکام کے مطابق 23 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ 4 افراد کو جائے حادثہ پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی۔

موٹروے پولیس کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ شدید بارش اور خراب موسمی حالات بنے، جس کے باعث سڑک پر گاڑیوں کو کنٹرول کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔