پیپلز پارٹی کی بانی رہنما بیگم نفیسہ خالد انتقال کرگئیں
پاکستان پیپلز پارٹی کی بانی رہنماؤں میں شامل اور سابق رکن قومی اسمبلی بیگم نفیسہ خالد انتقال کرگئیں۔ ان کے انتقال پر سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق بیگم نفیسہ خالد نے ملک میں جمہوری نظام کے استحکام اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اہم خدمات انجام دیں۔ ان کی سیاسی، پارلیمانی اور سماجی جدوجہد کو پارٹی اور دیگر حلقوں کی جانب سے سراہا گیا۔
مرحومہ کی نماز جنازہ آج بعد از مغرب امام بارگاہ جاگیر علی اکبر، جاتی عمرہ روڈ میں ادا کی جائے گی، جبکہ تدفین اے ڈبلیو ٹی فیز 2، جاتی عمرہ بی بلاک قبرستان میں ہوگی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی قیادت نے بیگم نفیسہ خالد کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کی ہے۔ پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ مرحومہ کی سیاسی اور جمہوری خدمات طویل عرصے تک یاد رکھی جائیں گی۔
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی بیگم نفیسہ خالد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ بیگم نفیسہ خالد، سابق رکن قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی کے اسپیشل سیکریٹری سید شمعون ہاشمی کی نانی تھیں۔
سردار ایاز صادق نے مرحومہ کی سیاسی، پارلیمانی اور سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جمہوریت کے فروغ اور ملک میں جمہوری اقدار کے استحکام کے لیے قابلِ قدر کردار ادا کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بیگم نفیسہ خالد کی وفات اہلخانہ اور عزیز و اقارب کے لیے بڑا صدمہ ہے اور وہ اس غم کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے سید شمعون ہاشمی اور دیگر اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
سردار ایاز صادق نے مرحومہ کے لیے مغفرت اور جنت الفردوس میں بلند مقام جبکہ لواحقین کے لیے صبر و حوصلے کی دعا بھی کی۔