سندھ میں کسی نئے صوبے کے قیام کی اجازت نہیں دی جائے گی،سعید غنی

پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ میں کسی نئے صوبے کے قیام کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ زبردستی ایسا فیصلہ مسلط کرنے سے عوام میں مزید بے چینی اور نفرت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ اگر شہریوں کے ذہنوں میں بداعتمادی اور شکوک پیدا ہوئے تو اس کے نتائج سنگین ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حلقوں پر زور دیا کہ صورتحال کی حساسیت کو سمجھا جائے اور سندھ کے عوام کو کسی ایسی کیفیت کی طرف نہ دھکیلا جائے جس سے نفرت اور تقسیم میں اضافہ ہو۔

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام یا نہ ہونے کا فیصلہ سیاسی قیادت اور پارلیمان کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ ان کے مطابق سندھ کی بیشتر سیاسی جماعتیں اور عوام نئے صوبے کے قیام کے حق میں نہیں ہیں۔

سعید غنی نے ایم کیو ایم کے بعض رہنماؤں کے مؤقف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چند افراد کی بات کو سندھ کے عوام کی اجتماعی رائے قرار نہیں دیا جاسکتا۔