وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز میں ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ شروع کرنے کا فیصلہ
وفاقی وزارتِ صحت نے ہیپاٹائٹس سی کی تشخیص کے لیے اسکریننگ کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ منصوبے کے تحت وفاقی حکومت کی وزارتوں اور ڈویژنز میں کام کرنے والے ملازمین کی اسکریننگ کا عمل کل سے شروع کیا جائے گا۔
وزارتِ قومی صحت کے مطابق تمام وفاقی ملازمین کے لیے ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کا انتظام کیا جارہا ہے، جبکہ پہلے مرحلے میں کوہسار کمپلیکس میں خصوصی اسکریننگ مراکز قائم کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق وفاقی سیکریٹریٹ میں قائم مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کے ملازمین کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کی بروقت اسکریننگ ممکن بنائی جاسکے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے مختلف سرکاری اسپتالوں اور صحت مراکز میں پہلے سے ہی ہیپاٹائٹس سی کی جانچ کے لیے سہولیات دستیاب ہیں، تاہم نئے منصوبے کے ذریعے اسکریننگ کا دائرہ مزید وسیع کیا جارہا ہے۔
منصوبے کے تحت 12 سال سے زائد عمر کے افراد کی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ لازمی قرار دی گئی ہے، جس کا مقصد بیماری کی بروقت تشخیص اور علاج تک رسائی کو بہتر بنانا ہے۔