میاں عامر محمود کا نئے صوبوں اور لوکل گورنمنٹ نظام کی حمایت میں مؤقف
ماہرِ تعلیم، چیئرمین پنجاب گروپ آف کالجز اور سابق ناظم لاہور میاں عامر محمود نے کہا ہے کہ مؤثر بلدیاتی نظام عوامی مسائل کے حل کے لیے نہایت اہم ہے، جبکہ نئے صوبوں کے قیام سے انتظامی اخراجات میں کمی اور حکمرانی کے معیار میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔
ایس ڈی پی آئی کے زیرِ اہتمام ہونے والے ایک قومی مباحثے میں خطاب کرتے ہوئے میاں عامر محمود نے کہا کہ بحث کا موضوع ملک میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق تھا اور اس معاملے پر سنجیدہ غور کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری ادوار میں بھی ایسا مضبوط اور مؤثر لوکل گورنمنٹ نظام قائم نہیں ہوسکا جس سے عام شہری حقیقی معنوں میں مستفید ہوسکیں۔ ان کے مطابق بہتر طرزِ حکمرانی عوام کا بنیادی حق ہے اور اسے یقینی بنانا ریاستی ذمہ داری ہے۔
میاں عامر محمود کا کہنا تھا کہ نئے صوبے قائم ہونے سے اخراجات میں لازماً اضافہ نہیں ہوگا بلکہ مناسب انتظامی تقسیم کے نتیجے میں وسائل کا بہتر استعمال، اخراجات میں بچت اور گورننس میں بہتری ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی مختلف سیاسی جماعتیں عمومی طور پر بلدیاتی نظام کی حمایت کرتی رہی ہیں، تاہم عملی طور پر اکثر جماعتوں نے اپنے ادوار میں باقاعدگی سے لوکل گورنمنٹ انتخابات نہیں کرائے۔