پولیس کانسٹیبل کی مبینہ فائرنگ، سگا بھائی جاں بحق، بھتیجا اور کزن زخمی
ایس ایچ او خالق شہید اعجاز محمود کے مطابق فائرنگ کا مبینہ ملزم رحمت اور مقتول کفایت اللہ آپس میں سگے بھائی ہیں اور دونوں پولیس سے وابستہ ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سریاب ڈویژن طالب حسین اور ایس ایچ او خالق شہید پولیس نفری کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ضروری کارروائی شروع کردی۔
پولیس نے مقتول کی لاش کو میڈیکو لیگل کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے سول اسپتال پہنچایا گیا۔
حکام کے مطابق واقعے کے بعد مبینہ ملزم کانسٹیبل رحمت موقع سے فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے تلاش جاری ہے۔ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ فائرنگ کے پسِ پردہ اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔