عائزہ خان نے دانش تیمور سے علیحدگی کی افواہوں کو جعلی قرار دے دیا
پاکستانی اداکارہ عائزہ خان نے شوہر اور اداکار دانش تیمور سے علیحدگی اور طلاق سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی حالیہ خبروں کو مسترد کردیا ہے۔
سوشل میڈیا پر زیرِ گردش قیاس آرائیوں کے دوران ایک فین پیج کی پوسٹ پر عائزہ خان نے مختصر ردعمل دیتے ہوئے صرف ’فیک‘ لکھا۔ ان کے اس تبصرے کو مداحوں نے ازدواجی زندگی سے متعلق افواہوں کی واضح تردید کے طور پر لیا۔
عائزہ خان اور دانش تیمور کی حالیہ سوشل میڈیا سرگرمیوں میں ایک دوسرے کی کم موجودگی کے باعث کچھ عرصے سے ان کی علیحدگی سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں جاری تھیں۔
یہ افواہیں اس وقت مزید پھیل گئیں جب مداحوں نے نوٹ کیا کہ عائزہ خان کراچی میں دانش تیمور کے ڈرامے ’ہمراہی‘ کی اختتامی تقریب کی خصوصی اسکریننگ میں موجود نہیں تھیں۔
اسی طرح 8 اگست کو ان کی نکاح کی سالگرہ کے موقع پر دونوں کی جانب سے ایک دوسرے کے لیے کوئی نمایاں عوامی پیغام یا مبارکباد سامنے نہ آنے پر بھی سوشل میڈیا صارفین نے مختلف سوالات اٹھائے۔
14 اگست کے آس پاس بھی دونوں اداکاروں کی جانب سے خاندانی تصاویر یا خصوصی پوسٹس شیئر نہ کیے جانے کو بعض صارفین نے ان افواہوں سے جوڑنے کی کوشش کی۔
بعدازاں عائزہ خان نے ایک سیاہ و سفید تصویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی جس میں وہ دونوں ہاتھوں سے اپنے کان ڈھانپے نظر آئیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے اس تصویر کو بھی جاری قیاس آرائیوں کے تناظر میں دیکھا اور اسے ایک غیر واضح پیغام قرار دیا۔
تاہم عائزہ خان اور دانش تیمور کی جانب سے علیحدگی یا ازدواجی اختلافات کے بارے میں کسی باضابطہ اعلان کی تصدیق نہیں کی گئی۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی زیادہ تر باتیں ان کی آن لائن سرگرمیوں اور عوامی طور پر کم نظر آنے کی بنیاد پر قیاس آرائیوں تک محدود رہیں۔
عائزہ خان اور دانش تیمور کی شادی کو ایک دہائی سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے اور دونوں پاکستان کی مقبول شوبز جوڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ عائزہ خان ’پیارے افضل‘، ’میرے پاس تم ہو‘ اور ’چپکے چپکے‘ جیسے معروف ڈراموں میں اپنی اداکاری کے باعث نمایاں شناخت رکھتی ہیں۔