راولپنڈی میٹرو بس کی چھت ٹپکنے لگی، مسافروں کو مشکلات
راولپنڈی میں وقفے وقفے سے ہونے والی شدید بارش کے دوران میٹرو بس کے ناقص حالتِ انفراسٹرکچر کی صورتحال بھی سامنے آگئی۔
بارش کے دوران ایک میٹرو بس کی چھت سے پانی اندر آنے لگا، جس کے باعث نشستوں پر پانی جمع ہوگیا اور مسافروں کو سفر کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بس میں موجود ایک مسافر نے اس صورتحال کی ویڈیو ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں چھت سے پانی ٹپکتا اور نشستوں پر جمع ہوتا واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
مسافروں نے مطالبہ کیا ہے کہ میٹرو بسوں کی بروقت مرمت اور دیکھ بھال پر توجہ دی جائے تاکہ بارش کے دوران شہریوں کو سفر میں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔