سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی، انصاف کی عکاسی کرتا ہے.شفیع جان

وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کا فیصلہ اہم اور انصاف پر مبنی ہے، آج عدالتی سطح پر انصاف ہوتا ہوا محسوس ہوا۔ تاہم ان کے مطابق تحریک انصاف کے مطالبات ابھی مکمل طور پر پورے نہیں ہوئے اور احتجاجی مارچ بھی برقرار ہے۔

سماء ٹی وی کے پروگرام ’ریڈ لائن‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے شفا انٹرنیشنل اسپتال میں قیام کی مدت کا تعین متعلقہ میڈیکل بورڈ کرے گا۔ ان کے مطابق ڈاکٹرز جب تک علاج ضروری سمجھیں گے، عمران خان اسپتال میں طبی نگرانی میں رہیں گے۔

شفیع جان نے کہا کہ تحریک انصاف چاہتی ہے کہ عمران خان کے خلاف زیرِ سماعت مقدمات کو میرٹ پر سنا جائے اور فیصلے قانون کے مطابق کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو ڈپریشن سے متعلق مسائل کی بات درست نہیں، کیونکہ اگر ایسی صورتحال ہوتی تو وہ قید کے ابتدائی دنوں میں ہی نمایاں ہوجاتی۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ حکومت کی جانب سے عدالت میں پیش کی گئی تھی، تحریک انصاف نے یہ رپورٹ جمع نہیں کرائی، اس لیے موجودہ صورتحال کی ذمہ داری بھی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

شفیع جان کے مطابق ڈاکٹر عظمیٰ خان عمران خان کے ساتھ رہیں گی، تاہم عدالت میں دی گئی یقین دہانی کے مطابق وہ میڈیا سے بات نہیں کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 265 دن بعد عمران خان کی بہن کو ان سے ملاقات کا موقع ملا۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں تحریک انصاف کو جو سہولت اور ریلیف ملا ہے، وہ اسے ضائع نہیں کرنا چاہتی۔ ان کے مطابق پارٹی نے عدالت میں جو یقین دہانیاں کرائی ہیں، ان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔