کورنگی میں یوم آزادی اسٹال پر فائرنگ کا کیس، 3 مبینہ دہشتگرد گرفتار
کراچی کے علاقے کورنگی میں سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے یوم آزادی کے ایک اسٹال پر فائرنگ کے واقعے میں مبینہ طور پر ملوث 3 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر نے بتایا کہ زیرِ حراست ملزمان کا تعلق کالعدم سندھودیش ریولوشنری آرمی (ایس آر اے) سے بتایا گیا ہے۔
حکام کے مطابق بیرون ملک موجود مبینہ دہشتگرد ارسلان شاہ نے گرفتار افراد کو کارروائی کی ہدایت دی تھی اور اگست کے پہلے ہفتے میں انہیں رقم بھی فراہم کی گئی۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کا مبینہ مقصد یوم آزادی کے موقع پر خوف و ہراس اور بدامنی کی فضا پیدا کرنا تھا۔ کارروائی کے دوران گرفتار افراد کے قبضے سے 3 دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
ایس ایس پی عرفان بہادر کے مطابق ملزمان نے فائرنگ سے پہلے علاقے کی ریکی بھی کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ سجاد ملاح نے مبینہ طور پر واردات سے دو روز قبل اسٹالز کا جائزہ لیا۔
حکام کے مطابق 12 اگست کو اسٹال پر فائرنگ کے نتیجے میں امان نامی شخص جاں بحق ہوا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دیگر افراد اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی جاری ہے۔