پاکستان کے مخصوص حالات کو دیکھتے ہوئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو کردار ادا کرنا ہوگا.طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے گوگل کے سینئر ڈائریکٹر ڈیوڈ ویلر کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، جس میں ڈیجیٹل سکیورٹی، سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال اور دہشتگردی کے خلاف آن لائن پلیٹ فارمز کے مؤثر کردار سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان ایک منفرد جغرافیائی اور سکیورٹی صورتحال رکھتا ہے، اس لیے عالمی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو ملک کے مخصوص حالات اور ضروریات کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایک محفوظ اور پُرامن ڈیجیٹل ماحول کے قیام کے لیے گوگل کے ساتھ تعاون اور رابطے کو مزید مضبوط کرنا چاہتی ہے۔ وزیر مملکت کے مطابق دہشتگرد عناصر سوشل میڈیا کو اپنے نظریات پھیلانے، تشدد کی ترغیب دینے اور خوف و ہراس پیدا کرنے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اس لیے موجودہ حالات میں آن لائن سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی ضروری ہے۔

گوگل کے سینئر ڈائریکٹر ڈیوڈ ویلر نے کہا کہ کمپنی پاکستان میں محفوظ ڈیجیٹل ماحول کے فروغ کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔

ملاقات کے تناظر میں بتایا گیا کہ اس سے ایک روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں گوگل کے نئے دفتر کا افتتاح کیا تھا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا تھا کہ گوگل پاکستان کے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور مہارتوں سے جوڑنے کے ساتھ ملک کے ٹیکنالوجی شعبے کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان اور گوگل کے باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔