آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کا اعلان

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے لیے مسلم لیگ (ن) نے اپنے امیدواروں کے نام حتمی کر دیے ہیں۔ پارٹی صدر نواز شریف نے پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کی اجازت دے دی، جس کے بعد امیدواروں کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے مریم زمانی، مریم ادریس، سحرش قمر اور رفعت عابد کو مسلم لیگ (ن) کی جانب سے امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

اوورسیز پاکستانیوں کی نشست کے لیے عبدالرحمان کو پارٹی ٹکٹ دیا گیا ہے، جبکہ ٹیکنوکریٹ نشست پر سید افتخار علی گیلانی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہوں گے۔

اسی طرح علماء و مشائخ کی مخصوص نشست کے لیے پیر محمد مظہر سعید کو پارٹی امیدوار مقرر کیا گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے امیدواروں کی نامزدگی کے بعد مخصوص نشستوں پر انتخابی عمل کے اگلے مرحلے کی راہ بھی ہموار ہوگئی ہے۔