موجودہ حکومت زیادہ دیر نہیں رہے گی، نئے انتخابات کے لیے قومی حکومت بنائی جائے.محمود خان اچکزئی
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومت زیادہ عرصہ برقرار نہیں رہے گی، اس لیے ملک میں ایک قومی حکومت تشکیل دے کر نئے انتخابات کرائے جانے چاہئیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق محمود خان اچکزئی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پاکستان کا مقبول سیاسی رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی اسپتال منتقلی اور اہلخانہ کو ملاقات کی اجازت دینا ان کے بنیادی حقوق میں شامل ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کی نورین نیازی سے ملاقات نہیں ہوئی۔ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی موجودہ صورتحال کی بڑی وجہ صرف حکومتیں بدلنا نہیں بلکہ پورے نظام میں اصلاحات نہ ہونا ہے، کیونکہ مختلف ادوار میں محض حکمرانوں کے چہرے تبدیل کیے گئے۔
اپوزیشن لیڈر نے تجویز پیش کی کہ ملک میں ایک قومی حکومت قائم کی جائے جو اپنی توجہ نئے اور شفاف انتخابات کے انعقاد پر مرکوز کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر قومی حکومت میں مولانا فضل الرحمان کو وزارتِ عظمیٰ کی ذمہ داری دی جاتی ہے تو وہ اس کی حمایت میں ووٹ دینے پر آمادہ ہوں گے۔
محمود خان اچکزئی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے بعض اہم رہنما اس وقت ملک سے باہر ہیں، ان کی واپسی کے بعد ان سے ملاقات اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔