بیرسٹر محمد علی سیف کی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر محمد علی سیف نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی۔ جیو نیوز کے مطابق یہ ملاقات گزشتہ رات ہوئی، جس میں پارٹی معاملات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران بیرسٹر سیف نے عمران خان کو تحریک انصاف کی سیاسی صورتحال اور دیگر معاملات سے متعلق آگاہ کیا، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی صحت پر بھی گفتگو ہوئی۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل سپریم کورٹ نے عمران خان کو علاج کے لیے نجی اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا اور ان کے طبی معائنے کے لیے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔

عدالتی اجازت کے بعد عمران خان کی بہن نورین نیازی نے بھی اڈیالہ جیل میں ان سے ملاقات کی۔ دونوں کے درمیان ملاقات کانفرنس روم میں ہوئی، جہاں صحت سمیت مختلف معاملات پر بات چیت ہوئی۔

نورین نیازی نے ملاقات کے دوران عمران خان کو سپریم کورٹ کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ان کی ملاقات تقریباً 45 منٹ تک جاری رہی۔

ملاقات کے بعد نورین نیازی دہگل ناکے پہنچیں، تاہم میڈیا نمائندوں کی جانب سے سوالات کیے جانے پر انہوں نے گفتگو کرنے سے گریز کیا۔