اسلام آباد میں غیرقانونی سرگرمیوں پر مزید 275 غیرملکی گرفتار
اسلام آباد کے علاقے آئی ٹین تھری میں ایف آئی اے اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 275 غیرملکی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق گرفتار افراد مبینہ طور پر سیاحتی اور کاروباری ویزوں پر پاکستان پہنچے تھے، جہاں وہ ایک غیرقانونی کال سینٹر کے ذریعے مختلف سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے۔
ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران سامنے آیا کہ متعلقہ کال سینٹر میں مبینہ طور پر غیراخلاقی مواد تیار کیا جارہا تھا، جس کے لیے غیرملکی خواتین اور مردوں کو بھی کام پر رکھا گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار غیرملکیوں کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت ایف آئی اے میں مقدمات درج کیے گئے ہیں، جبکہ سائبر سے متعلق الزامات پر این سی سی آئی اے نے پیکا ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق گرفتار 275 افراد میں سے 76 غیرملکیوں کو فوری طور پر ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ان کی روانگی کے لیے ایگزٹ پرمٹس کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔
حکام کے مطابق دیگر گرفتار افراد سے بھی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ غیرقانونی سرگرمیوں کے مکمل نیٹ ورک اور اس میں ملوث دیگر عناصر کا سراغ لگایا جاسکے۔