ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے فی لیٹر تک کمی کی جارہی ہے، جبکہ اس کمی کا براہِ راست فائدہ صارفین تک منتقل کیا جائے گا۔

عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات کے باوجود حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے تقریباً 100 ارب روپے استعمال کیے اور مشکل وقت میں ہدفی سبسڈی بھی فراہم کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی قیادت عوام کو درپیش مشکلات کم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے اور مشکل صورتحال جلد بہتر ہونے کی امید ہے۔ وزیر پیٹرولیم نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع میں دوبارہ شدت آنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

علی پرویز ملک کے مطابق عالمی سطح پر تیل پیدا کرنے والے ممالک بھی ایندھن سے متعلق مسائل کا سامنا کررہے ہیں، روس میں بھی ڈیزل کی صورتحال مکمل طور پر سازگار نہیں۔

وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ حکومت نے ملک کی ریفائنری کمپنیوں کے نمائندوں سے متعدد ملاقاتیں کیں اور قیمتوں میں کمی کا معاملہ ان کے سامنے رکھا۔ ان کے مطابق ریفائنری مالکان نے حکومت کی درخواست سے اتفاق کیا، جس کے نتیجے میں ڈیزل کی قیمت کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کو یقینی بنائے گی۔ علی پرویز ملک نے مزید بتایا کہ وہ کراچی میں ریفائنریوں کا دورہ کرکے ان کے تعاون پر متعلقہ حکام کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔