ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کے ستارۂ امتیاز کی نامزدگی مسترد ہونے کا دعویٰ
سندھ کے وزیرِ ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبائی حکومت نے اداکارہ ماہرہ خان اور اداکار فہد مصطفیٰ کے نام ستارۂ امتیاز کے لیے تجویز کیے تھے، تاہم وفاقی حکومت نے ان نامزدگیوں کو منظور نہیں کیا۔
کراچی میں تھیٹر فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے بتایا کہ سندھ کلچر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دونوں فنکاروں کے نام دو مرتبہ قومی اعزاز کے لیے بھجوائے گئے تھے۔
سید ذوالفقار علی شاہ کے مطابق ان نامزدگیوں کی بنیاد ایک ایسی کمیٹی کی سفارشات تھیں جس میں مختلف معروف شخصیات شامل تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی کی سفارش پر دونوں اداکاروں کو ستارۂ امتیاز دینے کی تجویز وفاقی سطح پر بھیجی گئی۔
صوبائی وزیر نے دعویٰ کیا کہ وفاقی حکومت نے دونوں ناموں کی منظوری نہیں دی، جبکہ نامزدگیاں مسترد کیے جانے کی وجوہات سندھ حکومت کے ساتھ شیئر نہیں کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کی فنونِ لطیفہ میں خدمات کے اعتراف کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے قومی اعزاز کی سفارش کی گئی تھی۔