شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی برطانیہ واپسی کا امکان

شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے تقریباً چھ برس بعد دوبارہ برطانیہ منتقل ہونے کے امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے بچوں شہزادہ آرچی اور شہزادی للی بیٹ نے رواں سال ستمبر سے برطانیہ میں تعلیمی سلسلہ شروع کرنے کے لیے اسکول میں داخلہ لے لیا ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ واپسی کے باوجود ہیری اور میگھن دوبارہ شاہی فرائض انجام نہیں دیں گے اور شاہی خاندان کے غیر فعال ارکان کی حیثیت برقرار رہے گی۔ برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کے مطابق جوڑا کسی شاہی محل یا سرکاری رہائش گاہ کے بجائے لندن سے باہر ایک نجی گھر میں قیام کرے گا۔

ہیری اور میگھن کی ممکنہ واپسی کو شاہ چارلس کے ساتھ ان کے تعلقات میں بہتری کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جارہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ شاہ چارلس نے اپنے پوتے آرچی اور پوتی للی بیٹ سے ملاقات کی تھی، جسے دونوں خاندانوں کے درمیان روابط میں بہتری کی علامت سمجھا جارہا ہے۔

برطانیہ واپسی کی صورت میں ہیری اور میگھن کی نئی زندگی اور شاہی خاندان سے ان کے تعلقات پر بھی خاصی توجہ متوقع ہے۔