حکومت اور پیپلز پارٹی میں اہم قانون سازی پر اتفاق، مجوزہ بل کی منظوری کی راہ ہموار

حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان ایک اہم قانونی مسودے پر اتفاقِ رائے ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے مجوزہ بل کی حمایت کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے، جس کے بعد حکومت نے آج ہی اسے قومی اسمبلی میں پیش کرکے منظوری حاصل کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت ضمنی ایجنڈے کے ذریعے بل کو قومی اسمبلی کے سامنے لائے گی اور اسی روز اس کی منظوری کی کوشش کی جائے گی۔ پیپلز پارٹی کی حمایت کے بعد مجوزہ قانون سازی کو پارلیمنٹ سے منظور کرانے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ رات صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور بھی شریک تھیں۔

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے صدر آصف علی زرداری کو مجوزہ بل کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور قانون سازی کے عمل میں پیپلز پارٹی کی حمایت کی درخواست کی۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے بل کی حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی۔

دوسری جانب اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے بھی صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرکے مجوزہ قانون سازی پر ہونے والی مشاورت میں حصہ لیا۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت، بلاول بھٹو اور دیگر متعلقہ رہنماؤں نے مجوزہ بل کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا۔ پیپلز پارٹی نے حکومت کی حمایت کے معاملے پر یہ مؤقف برقرار رکھا ہے کہ ہر قانون سازی کو کیس ٹو کیس بنیاد پر دیکھا جائے گا۔