پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر سے 15 جنوری کے درمیان کرانے کی تجویز

پنجاب حکومت نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر سے 15 جنوری کے درمیان منعقد کرنے کی تجویز پیش کردی ہے۔ الیکشن کمیشن کے اجلاس میں اس تجویز پر اصولی طور پر اتفاق بھی کرلیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے تاریخوں کے تعین پر ہونے والے اجلاس میں صوبائی حکومت نے مذکورہ مدت میں انتخابات کرانے کی سفارش کی، جسے کمیشن نے ابتدائی طور پر قابلِ قبول قرار دیا۔

اجلاس میں انتخابات مرحلہ وار کرانے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ اس کی وجہ سکیورٹی انتظامات بہتر بنانا اور انتخابی عمل کو زیادہ مؤثر انداز میں مکمل کرنا بتائی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق دسمبر اور جنوری کا دورانیہ انتخابی عمل کے لیے بعض حوالوں سے موزوں رہے گا، کیونکہ اس وقت تک طلبہ کے اہم امتحانات مکمل ہوچکے ہوں گے، دھند کی شدت بھی نسبتاً کم ہونے کی توقع ہے اور انتخابات کے لیے تدریسی عملہ بھی دستیاب ہوسکے گا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندی کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔ الیکشن کمیشن نے مرحلہ وار پولنگ کے حوالے سے مکمل منصوبہ جلد پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے اجلاس میں پیش کی گئی تجاویز کو سراہتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کو آئینی ذمہ داری قرار دیا۔ ان کے مطابق آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد لازم ہے، جبکہ متعلقہ مدت ختم ہونے کے بعد 120 دن کے اندر انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری بنتی ہے