پنجاب میں اسلحہ ڈیلرز کے لیے ڈیجیٹل انوینٹری لازمی قرار
محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں اسلحہ ڈیلرز کے لیے ڈیجیٹل انوینٹری کا نظام لازمی قرار دیتے ہوئے موجودہ اسٹاک اور اسلحے کی خرید و فروخت کا ریکارڈ آن لائن پورٹل پر درج کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
محکمہ داخلہ کے ترجمان کے مطابق صوبے میں بزنس آرمز لائسنس (BAL) رکھنے والے تمام ڈیلرز کے لیے انوینٹری ماڈیول فعال کردیا گیا ہے۔ اب ہر ڈیلر کو اپنے پاس موجود اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر متعلقہ سامان کی مکمل معلومات آن لائن درج کرنا ہوں گی، جبکہ نئی خرید و فروخت کی تفصیلات بھی پورٹل پر مسلسل اپ ڈیٹ کرنا ضروری ہوگا۔
ترجمان کے مطابق موجودہ اسٹاک کی ڈیجیٹل انوینٹری مکمل کرنے کے لیے 26 اگست 2026 آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ تمام اسلحہ ڈیلرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنے موجودہ اسٹاک کا مکمل ریکارڈ آن لائن سسٹم میں درج کردیں۔
محکمہ داخلہ نے بتایا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ اسلحہ ڈیلرز کی تفصیلات فراہم کردی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنرز اس بات کی نگرانی کریں گے کہ ہر ڈیلر اپنے موجودہ اسٹاک کا ڈیٹا آن لائن پورٹل پر درج کرے، جبکہ اس عمل کی تکمیل کے بعد رپورٹ محکمہ داخلہ کو بھی ارسال کی جائے گی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ مقررہ وقت تک انوینٹری جمع نہ کرانے یا قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے ڈیلرز کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ ممکنہ اقدامات میں لائسنس معطل کرنا، کاروباری مرکز سیل کرنا اور جرمانے سمیت دیگر قانونی کارروائیاں شامل ہیں۔
دوسری جانب اسلحہ ڈیلرز کو نئے پنجاب آرمز لائسنس انوینٹری ماڈیول کے استعمال سے آگاہ کرنے کے لیے تربیتی ورکشاپ بھی منعقد کی جارہی ہے۔
ترجمان کے مطابق ورکشاپ 24 اگست کو صبح ساڑھے 10 بجے پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی آڈیٹوریم میں ہوگی۔ اسلحہ ڈیلرز اپنے متعلقہ ڈپٹی کمشنر آفس کے ذریعے آن لائن بھی اس تربیتی سیشن میں شریک ہوسکیں گے۔
ورکشاپ میں ڈیلرز کو آن لائن پورٹل استعمال کرنے، انوینٹری درج کرنے اور ریکارڈ اپ لوڈ کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا۔ شرکا کو اپنے سوالات اور مسائل بھی متعلقہ حکام کے سامنے رکھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔