کراچی میں کتے کے کاٹنے کے دو ماہ بعد نوجوان ریبیز سے جاں بحق
کراچی کے علاقے قیوم آباد سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ نوجوان شہریار کا جناح اسپتال میں ریبیز کے باعث انتقال ہوگیا۔
جناح اسپتال کے ایمرجنسی انچارج ڈاکٹر عرفان صدیقی کے مطابق شہریار کو تقریباً دو ماہ قبل ایک کتے نے کاٹا تھا، تاہم کتے کے کاٹنے کے بعد اس نے ریبیز سے بچاؤ کے لیے ضروری ویکسین نہیں لگوائی۔
ڈاکٹر کے مطابق مریض کا معائنہ نیورومیڈیسن ٹیم نے بھی کیا اور علاج کے دوران طبی عملے کی کوششوں کے باوجود شہریار جانبر نہ ہوسکا۔
دوسری جانب محکمہ صحت سندھ کے مطابق رواں سال صوبے میں ریبیز کے باعث اب تک 18 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
ماہرین صحت کے مطابق کتے کے کاٹنے کی صورت میں فوری طبی امداد اور ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق ریبیز سے بچاؤ کا علاج شروع کرنا انتہائی اہم ہے۔