گووندا اور سنیتا آہوجا کے درمیان طلاق کا معاملہ ختم، اہلیہ نے درخواست واپس لے لی
بالی ووڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط ازدواجی رشتے میں پیدا ہونے والی کشیدگی ختم ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ سنیتا آہوجا نے شوہر سے علیحدگی کے لیے دائر کی گئی طلاق کی درخواست واپس لے لی ہے۔
گووندا کے منیجر ششی سنہا نے بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس سے گفتگو میں دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ اب طلاق کا معاملہ باقی نہیں رہا۔ ان کے مطابق سنیتا نے مشکل جذباتی کیفیت میں یہ قدم اٹھایا تھا، تاہم بعد میں صورتحال پر غور کرنے کے بعد صلح کا فیصلہ کیا۔
ششی سنہا کا کہنا تھا کہ گووندا اور ان کے بچوں نے اس معاملے میں کسی ایک فریق کا ساتھ دینے کے بجائے غیر جانب دار رویہ اختیار کیا۔ ان کے مطابق اگر کوئی فرد اپنے فیصلے پر نظرثانی کرکے دوبارہ گھر بسانے کا ارادہ کرے تو اسے مثبت پیش رفت سمجھا جانا چاہیے۔
گووندا کے منیجر نے مزید کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ نجی نوعیت کا یہ معاملہ عوامی بحث کا موضوع بنا، تاہم گھریلو تعلقات میں اختلافات پیدا ہونا غیر معمولی بات نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ سنیتا آہوجا نے طلاق کی درخواست واپس لے لی ہے اور دونوں کے درمیان علیحدگی نہیں ہو رہی۔
واضح رہے کہ سنیتا آہوجا نے دسمبر 2024 میں باندرہ فیملی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ اس درخواست میں ہندو میرج ایکٹ کی متعلقہ دفعات کا حوالہ دیتے ہوئے مبینہ ذہنی اذیت، علیحدگی اور بے وفائی سمیت دیگر وجوہات کی بنیاد پر ازدواجی رشتہ ختم کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔