عدالتی حکم کے مطابق عمران خان کے علاج کا انتظام کیا جائے گا.طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کی پابند ہے۔ ان کے مطابق اگر سرکاری اسپتال میں علاج ممکن نہ ہوا تو عمران خان کو شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جاسکتا ہے۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت پہلے بھی واضح کرچکی ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت سے رجوع کرنے کا مقصد فیصلے کی وضاحت حاصل کرنا تھا تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ حکم صرف ایک مخصوص قیدی سے متعلق ہے یا اس کا اطلاق دیگر قیدیوں پر بھی ہوتا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان کے علاج کے لیے دستیاب طبی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی امکان ظاہر کیا کہ حالات کے مطابق عمران خان کو بیرون ملک علاج کے لیے بھیجنے پر غور ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ایک روز قبل عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست بھی دائر کی تھی۔